غسل کرنے کا طریقہ

 غسل کرنے کا طریقہ



رسول اللّٰہ صلی اللہ علیہ وسلم جب غسل فرماتے تو آپﷺ پہلے اپنے دونوں ہاتھ دھوتے پھر اسی طرح وضو کرتے جیسا نماز کے لیے وضو کیا کرتے تھے۔ پھر پانی میں اپنی انگلیاں داخل فرماتے اور ان تر انگلیوں سے بالوں کی جڑوں کا خلال کرتے۔ پھر اپنے ہاتھوں سے تین چلو سر پر ڈالتے پھر اپنے پورے بدن پر پانی بہا لیتے۔ (صحیح بخاری)


جب آپ ﷺ غسل جنابت فرماتے تو پہلے اپنے دونوں ہاتھ دھوتے ، پھر دائیں ہاتھ سے بائیں ہاتھ پر پانی ڈال کر اپنی شرم گاہ کو دھوتے، اور پھر نماز کے وضو کی طرح وضو فرماتے، پھر پانی لے کر انگلیوں کو بالوں کی جڑوں میں داخل کرتے ، جب آپ سمجھتے کہ آپ نے اچھی طرح جڑوں میں پانی پہنچا دیا ہے۔ تواپنے سر پر دونوں ہاتھوں سے تین چلو ڈالتے۔ پھر سارے جسم پر پانی ڈالتے پھر آخر میں اپنے دونوں پاؤں دھو لیتے ۔ (صحیح مسلم)


پہلے رسول اللّٰہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز کے وضو کی طرح ایک مرتبہ وضو کیا، البتہ پاؤں نہیں دھوئے۔ پھر اپنی شرمگاہ کو دھویا اور جہاں کہیں بھی نجاست لگ گئی تھی، اس کو دھویا۔ پھر اپنے پورے جسم پر پانی بہا لیا۔ پھر پہلی جگہ سے ہٹ کر دوسری جگہ اپنے دونوں پاؤں دھوئے۔ آپ کا غسل جنابت اسی طرح ہوا کرتا تھا۔ (صحیح بخاری)